پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے قبل ڈی جی پارلیمانی امور گرفتار

سیکریٹری کوآرڈینیشن اورسیکریٹری اسمبلی گرفتاری سےبچ گئے

0 139

آج بروز اتوار 22 مئی کو بلائے گئے پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے قبل ہی پوليس نے ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو گرفتار کرلیا، جب کہ سیکريٹری اسمبلی محمد خان بھٹی اور سیکريٹری کوآرڈینیشن عنایت اللہ کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔

پولیس کی جانب سے ہفتے کو رات گئے لاہور کی آفيسرز کالونی میں آپریشن کیا گیا، اس دوران پولیس نے ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو گرفتار کرليا۔

ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق پولیس دیواریں پھلانگ کر رائے ممتاز کے گھر کے اندر داخل ہوئی جبکہ سیکریٹری اسمبلی محمد خان بھٹی اور سیکریٹری کوارڈینیشن عنایت اللہ لک کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا۔

پولیس دونوں اسمبلی آفیسرز کو گھر سے گرفتار کرنے میں ناکام رہی کیونکہ دونوں آفیسرز گھر پر موجود نہیں تھے، اسمبلی آفیسرز کے گھر پر چھائے کے دوران پولیس نے توڑ پھوڑ بھی کی۔

پولیس کی جانب سے اہل خانہ کو ہراساں کیا گیا جبکہ پولیس ایکشن کی ویڈیوز بھی سامنے آگئی ہیں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے رائے ممتاز کو گرفتار کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے سینیئر آفیسرز کی گرفتاری اور چھاپے حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔

انہوں ںے کہا کہ غیر آئینی اور جعلی حکومت آئین اور قانون کے خلاف اقدامات کر رہی ہے، شریفوں کا چہرہ قوم کے سامنے آرہا ہے۔

دوسری جانب، پنجاب اسمبلی کی عمارت کو پولیس نے گھیرے میں لے لیا اور گیٹ نمبر ایک کے دروازے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ صوبائی اسمبلی کی عمارت میں ملازمین کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ پنجاب اسمبلی کی دیواروں پر خار دار تاریں لگائی گئی ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں آج اراکین اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے آئیں گے، اجلاس سے قبل مین سڑک کی صفائی بھی کی جا رہی ہے جبکہ پانی کا چھڑکاو بھی کیا گیا۔ ریسکیو ڈبل ون ٹو کی ہائیڈروک کرین بھی طلب کرلی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.