ہمارے ارکان قومی اسمبلی بکاؤ مال نہیں، ان پر اعتماد ہے، وزیر خارجہ
پاک نیوز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی ہوا نکل چکی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے میرپورخاص میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی ہوا نکل چکی ہے، قاف لیگ نے اپنا عہد عمران خان کے ساتھ نبھانے کا اعلان کیا ہے، عمران خان کی چوہدری برادران سے ملاقات پہلی نہیں تھی بلکہ ہر ہفتے ملاقات ہوتی ہے جبکہ ہم تو روزانہ ہی ملتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کے اندر کوئی گروپ نہیں ہے بلکہ ایک گروپ ہے جس کا نام عمران خان ہے، ہمیں اعتماد ہے ہمارے ایم این ایز اپنے موقف پر ڈٹے رہیں گے، زر اور زرداری کی سیاست ان کو خرینا چاہتے ہیں لیکن یہ بکاؤ مال نہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مجھے افسوس ہوا کہ کل کنڈیاری میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے میرے قافلے کو روکنے کی کوشش کی اور وہاں تصدم کی فضا پیدا کی، میچور سیاسی جماعتیں ایسا نہیں کرتی ہیں، بے نظیر کی عادت ایسی نہیں تھی، ہوسکتا ہے کہ نئی پیپلز پارٹی جو زرداری لیگ ہے اس کا شیوا ضرور ہوسکتا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی پی نے سندھ اور کراچی کا وار زون بنا دیا ہے، خیرپور میں پرسوں 9 قتل ہوئے تھے۔ جی تھری لے کر لوگ گھوم رہے تھے۔ پولیس کے سامنے، نوابشاہ میں لاشیں پڑی ہوتی ہیں تو یہ جنازے پڑھنے نہیں جاتے۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ یوکرین کی جنگ بڑھی تو یورپ کی معیشت پر منفی اثر پڑے گا، پاکستان امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے، مستقل حل ایک سفارتی حل ہے جس کیلئے پاکستان بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے، یوکرین میں پھنسے پاکستانی طلباء کے محفوظ انخلاء کیلئے پولینڈ و دیگر ممالک سے مدد مانگی ہے، کئی طالبعلم محفوظ مقام تک پہنچا دیئے گئے ہیں اور باقی بچوں کیلئے کوششیں جاری ہیں۔