جنرل قمر جاوید باجوہ کی خدمات لائق تحسین ہیں، چودھری پرویز الہیٰ

لاہور میں پارٹی رہنماوں سے گفتگو میں سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ فوج اور قوم کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہمیشہ سے ملک دشمن قوتوں کا ایجنڈا رہا ہے، لیکن یہ ایجنڈا نہ پہلے کامیاب ہوا، نہ اب کامیاب ہوگا اور ان شاءاللہ پاک فوج موجودہ بحران میں بھی سرخرو ہو کر نکلے گی۔

0 141

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پاک فوج نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں ملک میں دہشت گردی کے خاتمہ اور عالمی سطح پر ملک و قوم کے وقار کو بلند کرنے کیلئے جو خدمات انجام دی ہیں، وہ ناقابل فراموش ہیں، لہٰذا فوج اور جنرل قمر جاوید باجوہ کیخلاف جو عناصر زہریلی اور بے بنیاد مہم چلا رہے ہیں، وہ درحقیقت ملک و قوم کے دفاع کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ فوج اور آرمی چیف ایک دوسرے سے الگ نہیں ہوتے ہیں، جب آرمی چیف کو نشانہ بنایا جاتا ہے، تو پوری فوج کے مورال پر اس کا منفی اثر پڑتا ہے اور صرف افسروں کی نہیں، بلکہ جوانوں کی بھی دل شکنی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوج اور قوم کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہمیشہ سے ملک دشمن قوتوں کا ایجنڈا رہا ہے، لیکن یہ ایجنڈا نہ پہلے کامیاب ہوا، نہ اب کامیاب ہوگا اور ان شاءاللہ پاک فوج موجودہ بحران میں بھی سرخرو ہو کر نکلے گی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے عسکری محاذ پر پاکستان کیخلاف بھارت کی جارحیت کا ہمیشہ دندان شکن جواب دیا، ان کی اس حکمت عملی کے باعث بھارت کو پاکستان کی طرف آنکھ اٹھا کے دیکھنے کی جرات نہیں ہو سکی، جنرل قمر جاوید باجوہ نے سفارتی محاذ پر بھی قومی نقطہء نظر سے غیرمعمولی خدمات انجام دی ہیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب، ترکی، متحدہ عرب امارات سمیت تمام مسلمان ملکوں سے پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کی بہتری کیلئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے پس پردہ رہ کر بہت اہم کردار ادا کیا، جس کا اعتراف مسلمان ممالک کرتے رہے ہیں، جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کے بارے میں یورپی ملکوں کے معاشی تحفظات کو بڑی حکمت اور تدبر سے دور کیا اور اس طرح پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے حکومت کا ہر سطح پر ہاتھ بٹایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی فوجوں کی واپسی کے بعد افغانستان کے معاملات پر دوراندیشی کا مظاہرہ کیا، اور پاکستان کو اس کے منفی سیاسی اور عسکری اثرات سے محفوظ رکھا ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ن لیگ ایک سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت عمران خان کے بیانات کو توڑ مروڑ کر فوج کیخلاف استعمال کر رہی ہے، عمران خان واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ فوج ہی پاکستان کے تحفظ اور سالمیت کی واحد ضامن ہے، بلکہ، وہ تو یہاں تک کہہ چکے ہیں کہ ملک و قوم کیلئے پاک فوج، ان کی اپنی ذات اور سیاست سے بھی زیادہ ضروری اور اہم ہے، یہ نوازشریف ہیں، جو جلسوں میں باقاعدہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا نام لیکر ان کیخلاف مہم چلاتے رہے ہیں اور مریم نوازکی میڈیا ٹیم اس میں پیش پیش رہی ہے، پاک فوج کیخلاف ن لیگ کے اس ٹریک ریکارڈ سے قوم اور فوج واقف ہیں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.