خیبرپختونخوا کےبیشتراضلاع میں آج بروز پیر 2 مئی کوعیدالفطر منائی جا رہی ہے۔پشاور،سوات،چارسدہ،مردان اور مہمند سمیت کئی شہروں میں نمازعید کے اجتماعات ہوئے جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے۔
پشاورمیں عید گاہ چارسدہ روڈ میں عید الفطر کی نماز ادا کی گئی۔ نمازِعید چیف خطیب خیبرپختونخوا مولانا طیب قریشی نے پڑھائی۔ سوات میں صوبائی حکومت کے اعلان پر نمازِعید ادا کی گئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ نماز عید کے بعد ملک کی سلامتی اور استحکام کے لئے دعائیں مانگی گئی۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی مختلف مساجد میں عیدالفطر کے اجتماعات ہوئے۔بنوں میں عیدالفطر کے اجتماعات میں ہزاروں افراد موجود تھے۔ مردان میں ضلع بھرمیں عیدالفطر کی نماز بڑی مساجد اور عید گاہوں میں سخت پولیس سیکورٹی میں ادا کی گئی۔
جنوبی وزیرستان میں عیدالفطر کے اجتماعات عیدگاہ،مساجد اور کھلے میدانوں میں ہوئے۔علمائے کرام نے مساوات اور رواداری پر مسائل بیان کئے۔
واضح رہے کہ اتوار کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر سیف نے بتایا تھا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں سے چاند دیکھنے کی 130 شہادتیں موصول ہوئیں اور اس لئے خیبر پختونخوا حکومت نے دو مئی کو عیدالفطر منانے کا فیصلہ کیا۔
بلوچستان میں عید الفطر
ادھر بلوچستان کے علاقے کوہلو میں مرکزی عیدگاہ سمیت درجن بھر سے زائد مقامات پر نماز عیدالفطر کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔
ڈیرہ بگٹی کی تحصیل پھیلاؤغ اور پٹوخ میں بھی عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی۔ پشین کے2 مختلف مقامات کلی ہیکلزئی اور تراٹہ میں پیر کو عیدالفطر منائی جارہی ہے۔
لورالائی کی جامع مسجد کے امام قاری ممتاز نے بھی مختلف علاقوں سے12 شہادتوں کےبعد عید الفطر 2 مئی بروز پیر کو منانے کا اعلان کیا تھا جس کےبعد آج صبح عیدالفطر کے اجتماعات ہوئے۔
قلعہ سیف اللہ میں بھی شہادتوں کی روشنی علماء کرام اور شہر کی تمام مساجد کے اماموں نےمتفقہ طورپرپیر 2 مئی کوعیدالفطر منانے کا اعلان کیا۔
چمن میں ضلع بھر کے اکثر علاقوں میں نمازِ عید ادا کی گئی۔
اتوار کو چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ تمام زونل کمیٹیوں کے ساتھ ہمارا رابطہ رہا، ملک بھر سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی اور ملک میں عید الفطر بروز منگل 3 مئی کو ہوگی۔