آٹا، چینی کی قیمتوں میں مزید اضافہ، مہنگائی سے ستائے عوام بلبلا اٹھے

0 89

بجلی کے مہنگے بلوں کی بھاری ادائیگی کے سبب مشکلات کا شکار صارفین کو چینی اور مختلف اقسام کے آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے نے مزید جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نگران حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے صرف 2 روز بعد ہی چینی کی ہول سیل قیمت میں 8 روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا تھا۔

اس کی قیمت 153 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، اس طرح آن لائن اسٹورز پر چینی 160 روپے فی کلو سے 170 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگی۔گزشتہ روز ہول سیلرز نے چینی مزید 4 روپے فی کلو مہنگی کرکے 157 روپے فی کلو تک پہنچا دی، اسی طرح ریٹیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 170 روپے فی کلو تک بڑھ گئی۔

آن لائن اسٹورز پر اب چینی کی قیمت 172 روپے فی کلو ہوگئی ہے جبکہ کچھ اسٹورز چینی کا 500 کلوگرام والا پاؤچ 95 روپے میں فروخت کر رہے ہیں، یعنی 2 پائوچ یا ایک کلو چینی کی قیمت 190 روپے فی کلو ہوگئی۔مختلف شہروں میں گزشتہ روز چینی کی اوسط قومی قیمت 155 سے 172 روپے فی کلوگرام رہی۔
اس حوالے سے اجناس کے برآمد کنندہ / درآمد کنندہ انیس مجید نے کہا کہ مقامی چینی غیرقانونی ذرائع سے افغانستان اور ایران بھیجی جارہی ہے جبکہ چینی کی ذخیرہ اندوزی کی اطلاعات بھی زیرگردش ہیں۔انہوں نے خطے میں چینی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا کیونکہ اطلاعات کے مطابق بھارت نے 25 اگست کو چینی کی برآمدات پر پابندی عائد کر دی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.