عازمین حج سے درخواستوں کی وصولی اعلان، فی عازم 10 لاکھ تک خرچہ آئے گا

پاکستان حکومت نے حج 2022 کے لیے درخواستوں کی وصولی کا اعلان کردیا ہے جو یکم سے 13 مئی تک 50 ہزار پیشگی رقم کی ادائیگی کے ساتھ دی جا سکیں گی

0 216

وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے اسلام آباد میں حج پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک حج اخراجات کی تفصیلات فراہم نہیں گئیں تاہم ان میں اضافہ متوقع ہے اور 7 سے 10 لاکھ روپے تک اخراجات ہوسکتے ہیں۔

مفتی عبد الشکور کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وبا کی وجہ سے زندگی کے تمام شعبے متاثرہوئے، وہیں حج کو بھی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا۔اب جبکہ وبائی مرض سے کافی حد تک نجات مل چکی ہے اس لیے سعودی حکومت نے بین الاقوامی سطح پر حج کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ جس میں پاکستانیوں کا کوٹہ 81 ہزار 132 ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حج تیاریوں کے لیے 16 مئی 2022 تک کا وقت دیا گیا ہے اس لیے وزارت مذہبی امور نے فیصلہ کیا ہے کہ عید کی چھٹیوں میں وقت کے ضیاع سے بچنے کے لیے حج درخواستیں 50 ہزار کی پیشگی رقم کے ساتھ وصول کی جائیں، یہ سلسلہ یکم مئی سے 13 مئی تک جاری رہے گا جبکہ درخواستیں آن لائن بھی جمع کروائی جا سکتی ہیں۔

یاد رہے کہ سعودی حکومت نے رواں سال 10 لاکھ عازمین کو حج کرنے کی اجازت دی ہے، جس کے مطابق پاکستان کے حصے میں 81 ہزار 132 افراد کا کوٹہ آیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال سعودی حکومت کے قوانین کے مطابق 65 سال سے زائد عمر کے افراد حج ادا نہیں کرسکیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.