دہشت گرد شناخت کی بنیاد پرپاکستانیوں کا خون بہا رہے ہیں: وزیراعلیٰ بلوچستان

0 3

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ شناخت کی بنیاد پر بلوچ پنجابیوں کا نہیں بلکہ دہشت گرد پاکستانیوں کا خون بہا رہے ہیں۔

پندرہویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان سے خطاب کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ کنفیوژن سے نکل کر زمینی حقائق اور واضح سوچ کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہوگا، بلوچستان سے متعلق ہر پاکستانی کو تصور اور حقیقت میں فرق جاننا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بدامنی کی وجہ غیر متوازن ترقی نہیں، غیر متوازن ترقی پورے پاکستان اور دنیا کے کئی ممالک کا مسئلہ ہے، بیڈگورننس اور عدم ترقی کا شکوہ حکومت سے ہوسکتا ہے ریاست سے ناراضگی کا جواز نہیں، آئین کا آرٹیکل 5 ریاست سے غیر مشروط وفاداری پر مبنی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کے موجودہ حالات کے تناظر میں تاریخ سے آگاہی ضروری ہے، تاریخی حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے بجائے حقائق کی تحقیق کی جانی ضروری ہے، ماضی میں قلات کے محدود آپریشن کو پورے بلوچستان میں آپریشن کا نام دیا گیا، رحیم یار خان کے محدود آپریشن کو پورے پنجاب یا لیاری میں آپریشن کو پورے کراچی کا آپریشن نہیں کہا جا سکتا، اسی طرح قلات کے مخصوص علاقے کو پورے بلوچستان کا آپریشن کہنا درست نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں بینظیر بھٹو سکالرشپ پروگرام شروع کیا جا چکا ہے، میٹرک تا پی ایچ ڈی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں غریب طالب علموں کی رسائی ممکن ہوئی، آج بلوچستان کے غریب مزدور کا بچہ وہیں پڑھ رہا ہے جہاں صاحب حیثیت فرد کا بچہ زیر تعلیم ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ سویلین شہداء کے بچوں، اقلیتوں اور ٹرانس جینڈر کیلئے خصوصی تعلیمی سکالر شپس مختص کی گئی ہیں، 30 ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر بیرون ملک روزگار کیلئے بھیج رہے ہیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.