سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نہروں کے معاملے پر مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں پر اظہار اطمینان اور نہروں سمیت تمام امور کو اتفاق رائے سے حل کرنے پر وزیراعظم اور صوبائی وزرائے اعلیٰ کی قائدانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
اپنے بیان میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے پلیٹ فارم سے متفقہ فیصلوں کی منظوری وفاق کو مزید مضبوط کرے گی، ہماری سیاسی و قومی قیادت نے ہمیشہ قومی مفادات کو ترجیح دی ہے، بات چیت سے ہر مسئلہ حل کیا جاسکتا ہے، ہماری قومی قیادت نے بالغ نظری کا ثبوت دیا، امید کرتا ہوں کہ نہروں کے معاملے پر ہونے والا احتجاج اب ختم کر دیا جائے گا۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل نے دشمن کو بھی مؤثر انداز میں اپنے متحد ہونے کا پیغام دیا ہے، بھارت کو کسی بھی قسم کی جارحیت مہنگی پڑے گی، پوری قوم وطن کے دفاع کیلئے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی۔
انہوں نے واضح کیا کہ پہلگام واقعہ کے بعد بھارت کے جھوٹے الزامات کا پردہ چاک ہوچکا ہے، بھارت نے اب تک پاکستان کی پیشکش کا جواب بھی نہیں دیا، موجودہ حالات میں ہمیں قومی یک جہتی، اتحاد اور ہم آہنگی کی بہت ضرورت ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم شہبازشریف کو تمام امور پر اتفاق رائے کیلئے انتھک کوششیں کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔