سندھ کے پانی کے دفاع کیلئے سیسہ پلائی دیوار بنے رہے: عمر ایوب

0 4

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما و قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہم سندھ کے پانی کے دفاع کیلئے سیسہ پلائی دیوار بنے رہے، متنازعہ نہروں کے خلاف سندھ کے عوام کی جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں۔

اپنے ایک ویڈیو بیان میں عمر ایوب نے دریائے سندھ بچاؤ تحریک، اپوزیشن جماعتوں، وکلاء برادری، حلیم عادل شیخ کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے چھ ماہ قبل سندھ کے پانی پر ڈاکا ڈالنے کے خلاف پارلیمنٹ میں بھی آواز اٹھائی تھی، الیکشن سے کچھ گھنٹے قبل ایکنک کی میٹنگ میں سندھ کا پانی چوری کر کے چولستان کو دینے کی اجازت دی گئی۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ 8 جولائی 2024 کو آصف علی زرداری نے گرین پاکستان انیشیٹیو کے نام سے ایک اجلاس کی صدارت کی، اس میں آصف علی زرداری نے اجازت دی جس کی ہم نے دستاویزات پیش کی ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم سندھ کے پانی کے دفاع کے لئے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے رہے، سندھ کے پانی کے دفاع کے لئے اپوزیشن جماعتوں اور وکلاء نے بھرپور کردار ادا کیا۔

عمر ایوب نے واضح کیا کہ مشترکہ مفادات کونسل میں نہریں بنانے کا فیصلہ ابھی مؤخر ہوا ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.