پاکستان کی جانب سے فلسطین کے لیے 15ویں انسانی امدادی کھیپ روانہ

0 4

وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے فلسطین کے مظلوم عوام کی مدد کے لیے 15ویں انسانی امدادی کھیپ روانہ کردی۔ یہ کھیپ پاکستان کی جاری انسانی امدادی کوششوں کا حصہ ہے اور مجموعی طور پر 26ویں امدادی کھیپ ہے۔

این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق تازہ ترین امدادی کھیپ الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے بھیجی گئی ہے جس میں تقریباً 20 ٹن ادویات، 5 ٹن حفظان صحت کی کٹس اور 15 ٹن خیمے شامل ہیں۔

یہ امداد ایک چارٹرڈ پرواز کے ذریعے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے اردن کے دارالحکومت عمان روانہ کی گئی ہے جہاں رائل میڈیکل سروسز آف اردن اس امداد کو وصول کر کے فلسطین میں ضرورت مند افراد تک پہنچائے گی۔

ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایا کہ اس تازہ کھیپ کے ساتھ پاکستان اب تک فلسطین کے لیے مجموعی طور پر 1,518 ٹن امدادی سامان روانہ کر چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ امداد اس مشکل گھڑی میں غزہ کے عوام کے ساتھ پاکستان کے غیرمتزلزل عزم اور اخوت کا مظہر ہے۔

ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں جنگ سے متاثرہ علاقوں کے لیے 2,045 ٹن انسانی امداد روانہ کی ہے جس میں 416 ٹن لبنان اور 111 ٹن شام کے لیے بھی بھیجی گئی امداد شامل ہے۔

این ڈی ایم اے کے حکام نے کہا کہ پاکستان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور مظلوم عوام کی مدد کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.