علامہ راجہ ناصر عباس کا سینیٹر رحمان ملک کے انتقال پر اظہار افسوس و تعزیت
۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنماء اور سابق وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک مختصر علالت کے بعد خالق حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم کے انتقال پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سمیت علامہ احمد اقبال رضوی، سید ناصر عباس شیرازی، اسد عباس نقوی و دیگر مرکزی قائدین نے دلی افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم قائدین نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنماء، سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کے انتقال پر اہلخانہ اور پارٹی اراکین کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔ مرحوم ایک دوراندیش اور نڈر سیاستدان تھے، انہوں نے ہمیشہ تکفیری دہشتگرد گروہوں کے خلاف ایوان کے اندر اور باہر کھل کر بات کی، ملک دشمن قوتوں کے خلاف مرحوم نے ہمیشہ ایم ڈبلیو ایم کے موقف کو سپورٹ کیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ رحمان ملک ہمیشہ کشمیر اور فلسطین کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں رہے، مرحوم رحمان ملک فلسطین و کشمیر اور یمن کے مظلوموں کی توانا آواز تھے۔ خدا وند متعال کی بارگاہ میں دعا ہے کہ وہ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور سوگواران کو صبر جمیل عنایت فرمائے۔