سکردو میں یوم القدس کی تیاریاں جاری، انجمن امامیہ کی عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل

قائد بلتستان علامہ شیخ حسن جعفری نے یوم القدس ریلی میں عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے نماز جمعہ کے بعد عید گاہ سے یادگار چوک تک ریلی نکالی جائے گی، مومنین بھرپور طریقے سے شرکت کریں۔ گزشتہ جمعہ کے خطبے میں بھی علامہ شیخ حسن جعفری نے عوام سے یوم القدس میں بھرپور شرکت کی اپیل کی تھی

0 192

سکردو میں جمعۃ الوداع مرکزی جامع مسجد کی بجائے عیدگاہ سندوس میں ادا کی جائے گی اور یوم القدس کی مرکزی ریلی سندوس سے یادگار شہدا سکردو تک نکالی جائے گی۔ انجمن امامیہ کے مطابق مومنین کی کثیر تعداد کی شرکت کے پیش نظر سابقہ جمعہ میں کیے گئے فیصلے اور اعلان میں تبدیلی لائی گئی ہے۔ جمعتہ الوداع کو سکردو میں ہزاروں مومنین کی شرکت متوقع ہے۔ گزشتہ سال جمعتہ الوداع میں ہزاروں مومنین شریک ہوئے تھے اور جگہ بھی کم پڑ گئی تھی۔ دوسری جانب سکردو میں یوم القدس کو بھرپور طریقے سے منانے کی تیاریاں جاری ہیں۔

قائد بلتستان علامہ شیخ حسن جعفری نے یوم القدس ریلی میں عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے نماز جمعہ کے بعد عید گاہ سے یادگار چوک تک ریلی نکالی جائے گی، مومنین بھرپور طریقے سے شرکت کریں۔ گزشتہ جمعہ کے خطبے میں بھی علامہ شیخ حسن جعفری نے عوام سے یوم القدس میں بھرپور شرکت کی اپیل کی تھی۔ انجمن امامیہ بلتستان کے صدر سید باقر الحسینی نے ایک پیغام میں کہا ہے کہ یوم القدس یوم اللہ، یوم رسول اللہ ہے، لہٰذا اس دن سکردو میں منعقد یوم القدس ریلی میں بھرپور انداز میں شرکت کرکے ایک سچے مومن ہونے کا ثبوت دیں۔

نائب امام جمعہ شیخ سروری نے ایک پیغام میں کہا کہ روز قدس روز اسلام ہے، لہٰذا اس دن ہر مسلمان کا مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں نکلنا فرض ہے۔ نائب امام جمعہ شیخ جواد حافظی نے ایک بیان مین کہا ہے کہ امام خمینی نے فرمایا تھا کہ اگر تمام دنیا کے مسلمان متحد ہو کر ایک ایک بالٹی پانی اسرائیل کی طرف پھینک دیں تو اسرائیل بہہ جائے گا، یہ ہے اسرائیل کی حیثیت اور واقعی اس میں کوئی شک نہیں کہ ایک چھوٹی سی ناجائز ریاست نے پوری دنیا کے مسلمانوں کو تکلیف میں مبتلا کر رکھا ہے۔

مشاور انجمن امامیہ علامہ انصاری نے کہا کہ مسئلہ فلسطین صرف فلسطینیوں کا مسئلہ نہیں بلکہ عالم اسلام کا مسئلہ ہے، اگر تمام عالم اسلام اور ان کے حکمران ڈٹ کر کھڑے ہو جائیں تو کسی کو مسلمانوں کیخلاف آنکھ اٹھا کر دیکھنے کی جرات نہ ہو۔ انجمن امامیہ کے نائب صدر شیخ مظفری نے ایک بیان میں کہا کہ جمعتہ الوداع کو یوم القدس کے طور پر منایا جانا نہ صرف عالم اسلام کیلئے بلکہ پوری دنیا کیلئے اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.