نہروں کے مسئلے پر حکومت گراسکتے ہیں: وزیر اعلیٰ سندھ نے خبر دار کر دیا

0 5

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےنہروں کےمسئلے پر وفاق کو خبردار کیا ہے کہ حکومت گرانا نہیں چاہتے لیکن گراسکتے ہیں، سندھ کے لوگ اب ایک چیز پر راضی ہوں گے کہ اس منصوبے کو ختم کیا جائے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتےہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہاکہ وفاقی حکومت نے نہروں کے معاملے کو بہت خراب کردیا ، ہمیں اس مقام پر نہ لے کر جائیں کہ ایسا فیصلہ ہو جس سے سب کا نقصان ہو۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے پاس دلیل موجود ہےکہ یہ منصوبہ ملک کے لیے فائدہ مند نہیں ،وفاقی حکومت منصوبہ ختم کرنے کا اعلان کرے تاکہ بے چینی ختم ہو۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس منصوبے پر ابھی کام نہیں چل رہا، سندھ حکومت اس کو رکوانے میں کامیاب ہے ۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت گرانا نہیں چاہتے لیکن گراسکتے ہیں، سندھ کے لوگ اب ایک چیز پر راضی ہوں گے کہ اس منصوبے کو ختم کیا جائے۔

اس سےقبل ایک پریس کانفرنس میں بھی وزیراعلیٰ سندھ نے واضح اعلان کیا تھا کہ پیپلزپارٹی کسی قیمت پر نہریں نہیں بننے دیں گی۔

اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ سندھ نے کینالز کے خلاف مظاہرے کرتی جماعتوں سے کہا کہ آپ کے احتجاج کی حمایت کرتا ہوں ، لیکن لوگوں کو تکلیف دینے سے گریز کریں،مظاہرین یہ بھی دیکھیں کہ کہیں وہ کسی کے ہاتھوں میں کھیل تو نہیں رہے، احتجاج کریں لیکن سڑکیں بند نہ کریں۔

دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے نہروں کے معاملے پر مسلسل تیسرے روز وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن سے فون پر رابطہ کیا۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ راناثنااللہ نے اس معاملے پر سنجیدگی دکھاتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف یہ معاملہ بات چیت سے حل کرنا چاہتے ہیں، ہم بھی چاہتے ہیں کہ وزیراعظم سندھ کے عوام کےخدشات دور کریں۔

انہوں نے کہا ایک طرف (ن) لیگ کے سنجیدہ لوگوں سے بات جاری ہے اور دوسری طرف کچھ وزرا الٹے سیدھے بیانات دے رہے ہیں، شاید پنجاب حکومت یہ چاہتی ہے کہ سندھ حکومت کی طرف سے بھی ویسے ہی بیانات آئیں اور نتیجے میں وفاقی حکومت متاثر ہو۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.