ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے تعلقات میں بہتری کا عمل سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ایسی من گھڑت رپورٹس کو مسترد کرتے ہیں جو تعلقات کی بہتری کو نقصان پہنچائیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 15 سال بعد خارجہ سیکرٹری مذاکرات میں کچھ دیرینہ معاملات پر دونوں ممالک نے اپنے مؤقف واضح انداز میں پیش کیے، مذاکرات کا مقصد تعلقات کو بہتر بنانا اور باہمی اعتماد کی فضا کو فروغ دینا تھا۔
ترجمان کے مطابق مذاکرات میں سیاسی، اقتصادی، تعلیمی اور اسٹریٹجک تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، مذاکرات میں مشترکہ تاریخ، ثقافتی قربت اور ترقی کےمشترکہ عزائم پر زور دیا گیا
دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ مذاکرات میں نیویارک، قاہرہ، جدہ اور سمرقند میں حالیہ سفارتی رابطوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، اور دونوں ممالک نے تجارت، زراعت، تعلیم اور روابط میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
دوسری جانب پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان خارجہ سیکرٹری سطح کے مذاکرات کے حوالے سے بنگلادیش کے سیکرٹری خارجہ جاسم الدین کا کہنا ہے کہ ماضی کے حل طلب مسائل جلد ازجلد حل کرکے فلاحی اور دو طرفہ تعلقات کی راہ ہموار کی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیر خارجہ 27 اور 28 اپریل کو بنگلادیش کا دورہ کریں گے۔