وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر چل پڑا ہے، 4ارب سے زائد ڈالر کی ترسیلات ریکارڈ ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کیلئے آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نواز شریف کا حالیہ دورہ برطانیہ صحت کے حوالے سے ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیز کنونشن دنیا کے مختلف ممالک میں ہونا چاہیے، مارچ میں 4ارب سے زائد ڈالر کی ترسیلات ریکارڈ ہے، پیسے نہ بھیجنے کی شیخیاں مارنے والوں کو اپنی اوقات پتا چل گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر چل پڑا ہے، ہم پر بھی مشکل وقت آیا تھا، لیکن ہم پاکستان سے بھاگے نہیں تھے۔
خواجہ آصف کاکہنا تھا کہ بیرون ملک آباد پاکستانی اپنے وطن سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر کا حجم پہلی بار 4 ارب ڈالر کی حد عبور کرگیا۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مارچ 2025 کے دوران ترسیلاتِ زر کا حجم 4.1 ارب امریکی ڈالر رہا جس نے پہلی بار اس حد کو عبور کیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ترسیلاتِ زر میں سالانہ بنیاد پر 37.3 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا اور ترسیلاتِ زر میں ماہانہ بنیاد پر 29.8 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔