خیبر پختونخوا میں باجوڑ،خیبر، مردان ،مالاکنڈ،لوئردیر، مانسہرہ سمیت مختلف شہروں میں طوفانی بارشیں اور ژالہ باری سے دن میں اندھیرا چھا گیا۔
بدھ کو ضلع خیبر میں سیلابی ریلےمیں گاڑی بہہ گئی جبکہ آسمانی بجلی گرنے سے ایک ایف سی اہل کار جاں بحق ہوگیا۔
بٹ گرام میں پہاڑوں سے آنے والا سیلابی ریلا کئی موٹرسائیکلیں بہا لے گیا،موسلا دھار بارشوں سے باغات اورفصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔
لنڈی کوتل اور گردونواح میں آندھی اور ژالہ باری کے ساتھ تیز بارش ہوئی، موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ لنڈی کوتل بازار میں گاڑی سیلابی ریلےمیں بہہ گئی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اس کے علاوہ جہلم،حافظ آباد،ڈیرہ غازی خان،گجرات سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔جہلم میں دیواریں گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے کئی شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ ملک بھر میں گرمی زیادہ پڑے گی اوربارشیں معمول سے کم ہوں گی۔