عمران خان کی بشریٰ بی بی سے شادی کیسے ہوئی؟ بہن مریم وٹو نے تفصیل بتادی

0 9

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بڑی بہن مریم وٹو نے ان کی شادی سے متعلق دلچسپ انکشافات کردیے۔

دبئی میں مقیم مریم وٹو نے جیو نیوزکو انٹرویو دیا جس دوران انہوں نے ناصرف سیاسی محاذ بلکہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی نجی زندگی پر بھی تفصیل سے بات کی۔

مریم وٹو نے انکشاف کیا کہ میرا تعلق عمران خان اور تحریک انصاف کے ساتھ 2022 سے ہے، میں اس وقت بھی پارٹی کی کارکن تھی جب عمران خان میرے بہنوئی نہیں بنے تھے۔

انہوں نے متعدد سوالات کے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ مجھ پر پارٹی معاملات میں مداخلت کا جو الزام لگتا ہے میں سمجھتی ہوں کہ میرا یہ حق ہے، میں اس پارٹی کی بہت پرانی کارکن ہوں۔

مریم وٹو نے گزشتہ سال اکتوبر میں تحریک انصاف کی جانب سے کیے گئے مارچ میں بشریٰ بی بی کے کردار پر بھی بات کی۔

‘بشریٰ کے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہے، اتنی اچھی بیوی ہو تو ہر شوہر اپنی بیوی کی مانتا ہے‘
ایک سوال کے جواب میں بشریٰ بی بی کی بڑی بہن نے بتایا کہ بشریٰ کے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہے، اتنی اچھی بیوی ہو تو ہر شوہر اپنی بیوی کی مانتا ہے، بشریٰ کے پاس دین اور قرآن کا بہت علم ہے اور یہی وجہ ہے کہ عمران خان اپنی اہلیہ کی بات مانتے ہیں اور ان سے مشورہ لیتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ بشریٰ کو اپنا مرشد کہتے ہیں۔

انہوں نے انٹرویو کے دوران کالے جادو اور ٹونے تعویز جیسے الزامات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جو بشریٰ پر ایسے الزامات لگاتے ہیں مجھے ان کی ذہنی صحت پر شک ہوتا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں مریم وٹو نے کہا کہ میں عمران خان کی نجی زندگی پر بات نہیں کروں گی، بہنوئی بننے سے قبل میں عمران خان کو زیادہ قریب سے نہیں جانتی تھی۔

بشریٰ بی بی نے عمران خان سے بات کرنے سے انکار کردیا تھا لیکن میں نے اصرار کیا: مریم وٹو

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی میچ میکنگ سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں مریم وٹو نے بتایا کہ اس وقت میرے ذہن میں میچ میکنگ والی کوئی بات نہیں تھی، یہ 2015 یا 2016 کا وقت تھا جب میں نے دونوں کو ایک دوسرے سے متعارف کروایا۔

مریم وٹو نے کہا میں نے بی بی سے درخواست کی تھی کہ عمران خان کی روحانی معاملات میں کچھ مدد کردیں کیونکہ عمران خان مجھے بہت پریشان نظر آتے تھے، ایک بار ٹی وی پر دیکھا تو بہت برے حال میں نظر آئے، جس پر بشریٰ بی بی نے منع کردیا کہ نہیں میں میڈیا پر نہیں آنا چاہتی، وہ عمران خان سے بات کرنے سے انکاری تھیں لیکن میرے اصرار پر وہ رضامند ہوگئیں۔

فخر سے کہہ سکتی ہوں کہ عمران اور بشریٰ دنیا کی بہترین جوڑی ہے: بہن کی گفتگو
انہوں نے کہا پھر آگے اللہ تعالیٰ کی مرضی ہوتی ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ اُسی وجہ سے اب وہ لوگ بہترین جوڑی ہیں، جس کے بارے میں میں فخر سے کہہ سکتی ہوں کہ یہ دنیا کی بہترین جوڑی ہے کیونکہ اتنی مشکلات کے باوجود وہ لوگ اب بھی ساتھ کھڑے ہیں۔

مریم وٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان نے بشریٰ بی بی سے ملوانے پر ای میل کے ذریعے میرا شکریہ ادا کیا تھا، انہوں نے لکھا تھا کہ شکریہ آپ نے میری زندگی بدل دی ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.