سینئرصوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کچھ بھی ہوجائے پیپلزپارٹی کینالر منصوبے پر سمجھوتا نہیں کرے گی۔
ٹنڈو جام میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ آج کے جلسہ میں جیالوں کی آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، آپ کے نعروں کی آوازیں اسلام آباد تک جانی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ 18اپریل کو عوام کو کینالز منصوبے سے آگاہ کریں گے، پیپلزپارٹی اس دن تاریخی جلسہ کرے گی، کینالز کا مسئلہ سندھ کے عوام کیلئے جینے مرنے کا ہے، عوام کا بھروسہ صرف پیپلزپارٹی پر ہے، بلاول بھٹو عوام کو بتانا چاہتے ہیں کہ حکمران کیا چاہتے ہیں۔
سینئرصوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم سے پانی چھین کر کیا سات کروڑ عوام کو بھوکا، پیاسا مارو گے، کچھ بھی ہوجائے پیپلزپارٹی کینالر منصوبے پر سمجھوتا نہیں کرے گی، کچھ لوگ نہروں کے معاملے پر سیاست کر رہے ہیں، کسی منصوبے کی منظوری میں صدر مملکت کا اختیار نہیں ہے۔
شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ اگرکسی نے آئین پڑھا ہے تو پتا ہونا چاہیے، صدرمملکت کے پاس تو ایک کلومیٹر سڑک پاس کرنے اختیار نہیں ہے، یہ بغض زرداری میں مکاری کر رہے ہیں، آصف علی زرداری نے ہمیشہ پاکستان بچایا ہے۔
فریال تالپور
فریال تالپور کا اپنی گفتگو میں کہا کہ جیالوں کا جذبہ دیکھ کرخوشی ہورہی ہے، شرجیل میمن نے بڑا اچھا پروگرام رکھا ہے، یہ ’’چھ کینال نامنظور‘‘ کے نعرے بازی کا مقصد یہ کینال ہم نہیں بننے دیں گے، 18اپریل کوہم سب حیدرآباد میں اکٹھے ہوں گے، یہ پانی اور سب کی زندگیوں کا سوال ہے، کہیں سندھ کربلا نہ بن جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نےشہیدوں کے جنازے اٹھائے ہیں، ہم یہ کینالزنہیں بننےدیں گے، صدرمملکت نےمشترکہ سیشن میں کلیئرکردیا تھا کینال نامنظور ہے، بلاول بھٹو نے بھی کینالزنامنظورکا نعرہ لگایا تھا، چولستان کوآباد اور سندھ،بلوچستان کواجاڑنا چاہتے ہیں، یہ کونسی سوچ ہے، سندھ کو زخمی کرنے کی کوشش کررہےہیں۔
رہنما پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ کبھی کالا باغ ڈیم ،کبھی کینالز سے سندھ کو زخمی کرنے کی کوشش کر رہےہیں، پیپلز پارٹی آخری دم تک لڑے گی، کینالز بنا کر سندھ کے گلستان کواجاڑنا چاہ رہے ہیں، 18 اپریل کوحیدرآباد میں سب نے پہنچنا ہے، جیالوں کو ہدایت ہے ہمیں اس فضول قسم کے ڈرامے منظور نہیں۔
علاوہ ازیں رہنما پیپلز پارٹی نثارکھوڑو نے کہا تھا سندھ کے پانی پر ڈاکہ نہیں مارنے دیں گے، سندھو پر کوئی کینال منصوبہ قابل قبول نہیں۔