مری اور اسلام آباد میں بارش اور ژالہ باری سے موسم سرد، ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا امکان

0 14

مری میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے موسم سرد ہوگیا جبکہ اسلام آباد میں بھی تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، بالائی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے اور اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مری میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے موسم سرد ہوگیا جبکہ اسلام آباد میں بھی تیز ہوا،گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی، اس کے علاوہ بنوں اور گردونواح میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

کل سب سے زیادہ درجہ حرارت کہاں ریکارڈ کیا گیا؟

محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم گرم اورخشک رہنے کا امکان ہے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح سبی میں 46، بہاولنگر، خیرپور، لاڑکانہ، مٹھی، موہن جو داڑو، نوابشاہ اور پڈعیدن میں 45 ،ملتان میں 41، لاہور میں 39، پشاور میں 36 جبکہ کراچی، اسلام آباد اور کوئٹہ میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مظفر آباد میں 32 اور گلگت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.