اڈیالہ جیل کے باہر حراست میں لی گئیں عمران خان کی تینوں بہنیں گھر روانہ ہوگئیں

0 9

راولپنڈی کے اڈیالہ جیل کے باہر سے حراست میں لی گئیں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی تینوں بہنیں گھر روانہ ہوگئیں۔

عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، نورین اور عظمیٰ خان کو اڈیالہ جیل جانے سے روک دیا گیا تھا۔ راولپنڈی پولیس نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے آنے والی تینوں بہنوں کو حراست میں لے کر مقامی شادی ہال منتقل کیا اور گھر جانے کی ہدایت کی۔

بانی کی بہنوں نے گھر جانے سے انکار کیا اور اڈیالہ جانے پر اصرار اور بھائی سے ملاقات کرانے پر زور دیا۔

اڈیالہ جیل سے ہٹائے جانے والوں میں بانی پی ٹی آئی کے ایک کزن اور اتحادی رہنما حامد رضا بھی شامل تھے۔ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کے ساتھ پولیس ٹیم بھی مقامی شادی ہال میں بدستور موجود رہی تاہم بہنوں نے ہال میں دھرنا دیا۔

بعدازاں بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں اپنے وکلا کے ہمراہ گھرجانے پررضامند ہوگئیں جس کے بعد پولیس انہیں لیکر شادی ہال سے روانہ ہوگئی۔

بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں اور کزن قاسم نیازی اپنے گھر روانہ ہوگئے اور صاحبزادہ حامد رضا بھی علیمہ خان کی گاڑی میں روانہ ہوئے۔

موٹروے چکری انٹرچینج کے قریب سب پولیس کی گاڑی سے نکل کرذاتی گاڑی میں بیٹھے، علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین خان گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھیں جبکہ قاسم نیازی نے گاڑی ڈرائیو کی اور صاحبزادہ حامد رضا فرنٹ سیٹ پربیٹھے۔

اس سے قبل جیل کے باہر تحریک انصاف کارکنوں اور پولیس میں تصام بھی ہوا ،کارکنوں کے پتھراؤ پر پولیس نے کئی ایک کو حراست میں لے لیا، متعدد فرار ہوگئے تاہم حراست میں لیے ارکان کو بھی بعد میں رہا کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما عاطف خان کی بھی پولیس اہلکاروں سے تلخ کلامی ہوئی۔ دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہراور بیرسٹر علی ظفر سمیت 6 وکلا رہنماؤں کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت ملی۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.