ملک میں رواں ہفتے مغربی ہواؤں کے 2 سسٹم اثر انداز ہونے کا امکان ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق معتدل شدت کے سسٹم کی وجہ سےکہیں کہیں ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے جب کہ اس سسٹم کے تحت شمالی علاقوں میں آج رات سے 13 اپریل تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایا کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج سے 12 اپریل تک آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہےجب کہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں آندھی آسکتی ہے۔
ادھر بلوچستان کے چند مقامات پر آج سے 11 اپریل کے دوران بارش کا امکان ہے، کوئٹہ، زوب، زیارت، پشین اور قلعہ سیف اللہ میں درمیانی شدت کی بارش ہوسکتی ہے۔
جواد میمن کے مطابق آئندہ دنوں بالائی اور وسطی سندھ میں درجہ حرارت 44 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے جب کہ سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ اور دیگر علاقوں میں شدید گرمی اپنا زور دکھائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر 10 سے 12 اپریل گرج چمک کے بادلوں کی تشکیل کا امکان ہے، کراچی کے مضافات میں جمعرات اور جمعہ کو مقامی سطح پرگرج چمک کے بادل بن سکتے ہیں، نم ہواؤں اور گرمی کے باعث گڈاپ، ملیر اور سپرہائی وے کے اطراف بارش ہو سکتی ہے۔