خالصہ جنم دن پر 7 ہزار بھارتی سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد متوقع

0 9

سکھوں کے مذہبی تہوار وساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن پر اس سال بھارت سے پاک انڈیا باہمی معاہدے سے بڑھ کر سات ہزار سکھ یاتریوں کی آمد متوقع ہے۔

خالصہ جنم دن کی 326ویں سالگرہ اور وساکھی میلہ منانے کے لیے بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتری 10 اپریل کو پاکستان پہنچیں گے۔ پاک انڈیا مذہبی سیاحتی معاہدے کے تحت تین ہزار سکھ یاتری پاکستان آ سکتے ہیں، تاہم اس سال سات ہزار سے زائد بھارتی یاتری پاکستان آنا چاہتے ہیں۔

متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن نیودہلی سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ زیادہ سے زیادہ سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیے جائیں۔

ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر کا کہنا ہے کہ پاکستان سکھوں کا دوسرا گھر ہے، جتنے بھی مہمان آنا چاہیں، خوش آمدید کہیں گے۔ حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کی کوششوں سے مذہبی سیاحت کو فروغ ملا ہے۔

متروکہ وقف املاک بورڈ کی طرف سے سیکیورٹی اداروں، سول انتظامیہ، پولیس، دفتر خارجہ، وزارت داخلہ سمیت دیگر اداروں کو انتظامات بڑھانے کے لیے سرکلر جاری کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق بھارتی سکھ یاتری 10 اپریل کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آئیں گے، جنہیں 10 سے 19 اپریل تک کا ویزا جاری ہوگا۔ وساکھی کی مرکزی تقریب 14 اپریل کو گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں ہوگی۔

بھارتی سکھ یاتری گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب، گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور، گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور سمیت دیگر مقدس مقامات کی یاترا بھی کریں گے۔ بھارت کے علاوہ امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا، برطانیہ سمیت دیگر ممالک سے بھی بڑی تعداد میں سکھ یاتری پاکستان آئیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.