وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز آج حلف اٹھائیں گے

نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز آج عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

0 164

ذرائع کے مطابق گورنر ہاؤس میں حلف برداری کی تیاریاں جاری ہیں۔ وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے صدر پاکستان کو حلف برداری کی تقریب سے متعلق سمری ارسال کردی گئی ہے۔

ارسال کی گئی سمری کے متن کے مطابق صدر سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو آج شام وزیراعلیٰ کے حلف کیلئے مقرر کریں۔

عبدالعلیم خان

ترجمان عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ عبدالعلیم خان فیملی کے ہمراہ بیرون ملک نجی دورے پر ہیں۔ علیم خان آج وزیراعلیٰ کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ علیم خان گروپ کے ارکان حلف برداری کی تقریب میں شریک ہونگے، جب کہ علیم خان کی واپسی آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔

لاہور ہائی کورٹ

واضح رہے کہ حمزہ شہباز شریف کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں انہوں نے مؤقف اپناتے ہوئے کہا تھا کہ 16 اپریل کو 197 ووٹ لیکر قائد ایوان منتخب ہو چکا ہوں، قانون کے مطابق گورنر کو وزیراعلیٰ کا حلف لینا تھا لیکن انکار کر دیا گیا۔ درخواست میں گورنر پنجاب اور چیف سیکریٹری پنجاب کو فریق بنایا گیا تھا۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ گورنر اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کر کے آئین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں، لاہور ہائیکورٹ گورنر پنجاب کو حلف لینے کے احکامات جاری کرے۔

بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ آفس کی جانب سے حمزہ شہباز کی جانب سے دائر درخواست میں گورنر پنجاب کو فریق بنانے پر اعتراض لگایا گیا تھا۔

درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ نے عدالتی حکم دیتے ہوئے ایوان صدر کو وزیراعلیٰ پنجاب سے حلف لینے کیلئے نمائندہ مقرر کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ذرائع کے مطابق آج شام چار بجے نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی حلف لیں گے۔

قبل ازیں لاہور ہائی کورٹ نے 22 اپریل کو گورنر پنجاب کو حلف برداری سے انکار کیلئے تحریری طور پر آگاہ کرنے کی مہلت دی تھی تاہم گورنر پنجاب کی جانب سے جواب جمع نہ کرائے جانے پر عدالت نے صدر کو ہدایت دی تھی کہ وہ وزیراعلیٰ کی حلف برداری کے لیے کوئی اور نمائندہ مقرر کریں۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سینیٹ چیئرمین صادق سنجرانی اس سے پہلے نو منتخب وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کے اراکین سے بھی حلف لے چکے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.