اقوام متحدہ میں طویل عرصے تک پاکستان کے مستقل مندوب رہنے والے منیر اکرم 80 سال کی عمر میں سبکدوش ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی حیثیت سے کم و بیش 2 دہائیوں تک فرائض انجام دینے والے وزارت خارجہ کے سینئر ترین ڈپلومیٹ منیر اکرم 80 سال کی عمر میں اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئے۔
منیر اکرم کی جگہ فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار جنہیں حال ہی میں 22 ویں گریڈ میں ترقی ملی ہے آئندہ ماہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس عرصے میں مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد منیر اکرم کو ایک سے زیادہ مرتبہ توسیع دی گئی اور طویل عرصہ بعد فارن سروس کے کوئی سرونگ افسر اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ہوں گے۔
منیر اکرم نے اقوام متحدہ میں اعلیٰ ترین خدمات انجام دینے کے ساتھ ساتھ طویل ترین دورانیے میں ایک ہی عہدے پر رہنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
ان کا یہ حوالہ بھی منفرد اور یاد گار رہے گا کہ انہوں نے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب کی حیثیت سے سابق صدور جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف، شوکت عزیز، میر ظفر اللہ خان جمالی، آصف علی زرداری، عمران خان اور وزیراعظم شہباز شریف کے ادوار میں فرائض انجام دیے۔