ایڈیشنل سیکرٹری زراعت پنجاب کادورہ کپاس کی صورتحال کا جائزہ لیا

0 47

فیصل آباد(شوریٰ نیوز)سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی ہدایات پر ایڈیشنل سیکرٹری زراعت پنجاب محمد شبیراحمد خان نے ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں جیننگ فیکٹریوں میں پھٹی کی آمد کے ریکارڈ،معیار اور فیلڈ میں کپاس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ڈیرہ غازی خان،کوٹ چھٹہ،داجل،جام پور اور فضل پور کا دورہ کیا۔اپنے اس دورہ کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان نے کپاس کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اورکاشتکاروں سے ملاقات کے دوران انہیں ضرر رساں کیڑوں کے خلاف محکمہ زراعت کے مقامی عملہ کے مشورہ سے زرعی ادویات کے استعمال کی ہدایت کی۔اس موقع پر انھوں نے کہا کہ کپاس کی فصل نازک مرحلہ میں ہے۔ خاص طور پرآئندہ دو ہفتے کپاس کی مینجمنٹ کے اعتبار سے اہم ہیں۔زراعت توسیع کا عملہ کپاس کی پیسٹ سکاؤٹنگ،سرویلنس اور ضرررساں کیڑوں کے حملہ کے بروقت کنٹرول کے ساتھ پودوں کی غذائی ضروریات کے مطابق کاشتکاروں کی فنی راہنمائی کیلئے اُن کے شانہ بشانہ شریک رہے۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ جعلی زرعی مداخل فروخت کرنے والے مافیاکے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جارہا ہے اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جارہی ہے۔حکومت پنجاب جعلی زرعی ادویات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرلینس پالیسی کے اصول پر عمل پیرا ہے اور اس کاروبار کی بیخ کنی کیلئے تمام ممکنہ کاروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔اس ضمن میں محکمہ زراعت ٹھوس شواہد کی بنا پر ملزمان کے خلاف ہر سطح پر اپنی کاروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی جعلی زرعی ادویات کی فروخت میں ملوث پایا جائے تو کاشتکار اس کی فوری اطلاع دفتری اوقات میں فون نمبر 042-99202153 پر کریں یا ضلعی انتظامیہ/مقامی زراعت کے عملہ سے رابطہ کریں تاکہ اُن کی شکایت کا قانون کے مطابق ازالہ کیا جا سکے۔ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب نے فیلڈ وزٹ کے دوران مقامی زراعت کے عملہ کو کاشتکاروں سے رابطہ مزید مربوط کرنے اور کپاس کی صورتحال کے مطابق بروقت ایڈوائزری کاشتکاروں کی دیلیز تک پہنچانے کی ہدایات کیں۔انھوں نے کہا کہ کپاس کی پیداوار میں اضافہ ملکی معیشت پر براہ راست اثرانداز ہوتا ہے۔زراعت توسیع کا عملہ اپنے دفاتر کی بجائے فیلڈ میں نظر آنا چاہیے۔کپاس کی مہم گزشتہ قریباً4 ماہ سے جاری ہے اور اب اس کا ثمر ملنے کا وقت ہے لہذٰا اس موقع پر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اس دورہ کے دوران ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع) ڈاکٹر محمد انجم علی،ڈائریکٹر زراعت(توسیع) ڈیرہ غازی خان ڈویژن مہر عابد حسین اپنی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.