اسلام آباد اور لاہور ہائیکورٹس میں سپرٹیکس سے متعلق زیر التواء اپیلیں سپریم کورٹ منتقلی کا حکم

0 5

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے اسلام آباد اور لاہور ہائیکورٹس میں سپر ٹیکس سے متعلق زیر التواء اپیلیں سپریم کورٹ منتقلی کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ میں سپر ٹیکس کے نفاذ سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بینچ نے کی۔

دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل مخدوم علی خان کا کہنا تھا حکومت براہ راست سپر ٹیکس کا نفاذ نہیں کر سکتی، ٹیکس لگانے کی وجہ بتانا لازمی ہے، سپر ٹیکس کیلئے غیرمعمولی حالات ہونے چاہیے، سپریم کورٹ متعدد فیصلوں میں اضافی ٹیکس کو غلط قرار دے چکی ہے، اضافی ٹیکس عائد کرنا بنیادی حقوق کے بھی خلاف ہے۔

سپریم کورٹ نے اسلام آباد اور لاہور ہائیکورٹس میں سپر ٹیکس سے متعلق زیر التواء اپیلیں سپریم کورٹ منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل وزیراعظم شہباز شریف نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی تھی جس کے اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ وزیرِ اعظم نے چیف جسٹس پاکستان کو ملک کی مختلف عدالتوں میں طویل مدت سے زیر التوا ٹیکس تنازعات کے حوالے سے آگاہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے چیف جسٹس سے ان کیسز میں میرٹ پر جلد فیصلوں کی استدعا کی تھی جبکہ چیف جسٹس نے وزیراعظم سےنظام انصاف میں بہتری لانے کیلئے تجاویز بھی مانگی تھیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.