نارنگ منڈی: وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ہمارے ساتھ تھی اور رہے گی، حکومت پانچ سال پورے کرے گی۔
نارنگ منڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ افغانستان کا اسلحہ پاکستان کیخلاف استعمال ہو رہا ہے، امریکا اسے خریدے یا ختم کرے پاکستان کا امن بحال ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کا نظام ہے جنہوں نے دہشت گرد چھوڑے آج سزا بھگت رہے ہیں، فتنہ الخوارج ختم کریں گے، سزائیں بھی دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ صنعت کی بحالی کیلئے شرح سود 22 فیصد سے 12 فیصد پر لیکر آئے، کل (سوموار) کو گورنر سٹیٹ بینک کی میٹنگ ہے، شرح سود دس فیصد تک آسکتی ہے۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ ملک میں ژالہ باری سے فصلیں تباہ ہوئیں، وزیر اعلیٰ مریم نواز سے تحریری اپیل کی ہے نارنگ منڈی کو آفت زدہ قرار دے کر کسانوں کی مدد کی جائے۔