طارق فاطمی سے خارجہ امور کی ذمہ داری واپس لی گئی ہے تاہم وہ معاون خصوصی برقرار رہیں گے۔ اس حوالے سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق معاون خصوصی طارق فاطمی کا عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہوگا اور انھیں وزیر مملکت کے برابر مراعات ملیں گی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے گزشتہ روز طارق فاطمی کو معاون خصوصی خارجہ امور تعینات کیا تھا۔
طارق فاطمی 2013 سے 2017 میں بھی وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور رہے ہیں تاہم انہیں 2016 میں رونما ہونے والے ڈان لیکس معاملے پر عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 6 اکتوبر 2016 کو ایک اخبار میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے ایک خبر شائع ہوئی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دہشت گردی کے معاملے پر حکومت اور عسکری قیادت میں اختلافات ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر احسان الرحمان مزاری کا قلمدان بھی تبدیل کردیا گیا۔ احسان مزاری سے انسانی حقوق کا قلمدان واپس لے کر انہیں بین الصوبائی رابطہ کا قلمدان دیدیا۔ قلمدان کی تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔