سابق ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل نذر عباس کو سپریم کورٹ میں ڈی جی جوڈیشل ونگ تعینات کر دیا گیا، وہ 2 مارچ کو رٹائر ہوئے تھے۔
نذرعباس 6 ماہ کیلیے کنٹریکٹ پر گریڈ 21 میں ذمے داریاں ادا کریں گے، رجسٹرار آفس نے چیف جسٹس کی منظوری کے بعد نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔
نذر عباس کو گزشتہ ماہ توہین عدالت کیس کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا تاہم بعدازاں نوٹس واپس لے لیا گیا تھا۔
عدالت عظمیٰ میں پہلی بار ڈی جی جوڈیشل ونگ کی اسامی تخلیق کی گئی ہے۔ نذرعباس کو تمام مراعات اور ایڈہاک ریلیف بھی دیئے جائیں گے۔
نذر عباس 1300 سی سی کار اور 270 لیٹر پٹرول کے بھی حقدار ہوں گے۔ معلوم ہوا ہے کہ ریٹائرڈ عہدے داروں کی دوبارہ تقرریوں پر سپریم کورٹ کے مستقل ملازمین میں غیر یقینی پائی جاتی ہے۔
کئی ریٹائرڈ افسران کودوبارہ تعینات کیا گیا ہے اور ان میں سے زیادہ تر کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔ رجسٹرار محمد سلیم خان، جوڈیشل کمیشن اور سپریم جوڈیشل کونسل کے سیکرٹریز ریٹائرڈ افسران ہیں۔