پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں، بیرسٹر گوہر

0 8

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں ہے، اسٹیبلشمنٹ سے ایک ہی بار رابطہ ہوا تھا اب کوئی رابطہ نہیں ہے، مقتدرہ سے بھی ہمارے سارے چینلز بند ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ الائنس بنانا ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے، الائنس بنانے میں وقت تو لگتا ہے۔

بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے کوئی مطالبہ نہیں کیا، مولانا فضل الرحمان نے خیبرپختونخوا سے متعلق کوئی خدشات کا اظہار نہیں کیا، آزاد عدلیہ، شفاف الیکشن سے متعلق مولانا فضل الرحمان کا بھی وہی موقف ہے، اپوزیشن جماعتوں کو ماضی سے نکل کر آگے دیکھنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان تب مضبوط ہو گی جب لوگ فارم 45 سے آئیں گے، 26 ویں ترمیم ایک متنازعہ قانون سازی ہے، عدلیہ کی آزادی کے لیے 26 ویں ترمیم کو ختم کرنا ہوگا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عدلیہ کو یہی کہہ رہے ہیں کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس پر کمیشن بنائیں، جب اپوزیشن الائنس بنے گا تو اگلا لائحہ عمل سامنے آجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے مبارک زیب اور اورنگزیب کھچی کو شوکاز نوٹس دیئے ہیں،پارٹی میں سب کو ڈسپلن کے مطابق کام کرنا ہوتا ہے، بانی کس کو پارٹی میں واپس لاتے ہیں بانی کی صوابدید ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.