پنجاب: مینوئل اسلحہ لائسنس کی توثیق اور کمپیوٹرائزیشن کا عمل دوبارہ شروع

0 4

محکمہ داخلہ پنجاب نے پرانے مینوئل اسلحہ لائسنس کی توثیق اور کمپیوٹرائزیشن کا عمل دوبارہ شروع کر دیا۔

حکومت پنجاب نے مینوئل اسلحہ لائسنس ہولڈر شہریوں کو کمپیوٹرائزیشن کیلئے آخری موقع فراہم کیا ہے، قبل ازیں محکمہ داخلہ نے 2020 میں مینوئل اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹرائزیشن کا عمل شروع کیا تھا۔

مینوئل اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹرائزیشن کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2020 تھی، دسمبر 2020 تک کمپیوٹرائزڈ نہ ہونے والے مینوئل اسلحہ لائسنس منسوخ کر دیئے گئے تھے ، ابتدائی مشق کے دوران بہت سے شہری اپنے مستند اسلحہ لائسنس کمپیوٹرائزڈ نہیں کروا سکے تھے۔

ایسے شہریوں کے پاس اب بھی ہتھیار اور منسوخ شدہ کتابچے موجود ہیں ، ان شہریوں کی سہولت کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب نے اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹرائزیشن کا دوبارہ آغاز کیا ہے ، اب کتابچے والے پرانے انفرادی اسلحہ لائسنس کی توثیق اور کمپیوٹرائزیشن ممکن ہو گی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق مینوئل لائسنس کے حامل افراد اپنے متعلقہ ڈویژن کے کمشنر یا ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ جوڈیشل کو درخواست دے سکتے ہیں ، تمام امیدواروں کے ریکارڈ اور کاغذات کی تصدیق کی جائے گی، تصدیق کے بعد متعلقہ کمشنر یا ایڈیشنل سیکرٹری جوڈیشل اہل امیدواروں کو لائسنس جاری کریں گے۔

محکمہ داخلہ نے اسلحہ لائسنس کی توثیق اور کمپیوٹرائزیشن کیلئے طریقہ کار بھی جاری کردیا، تمام ڈویژنل کمشنرز یا ایڈیشنل سیکرٹری جوڈیشل ذاتی طور پر لائسنس کی کمپیوٹرائزیشن کے عمل کی نگرانی کریں گے ، اسلحہ لائسنس کی توثیق کا اختیار صرف متعلقہ کمشنر یا ایڈیشنل سیکرٹری جوڈیشل محکمہ داخلہ کو ہو گا۔

ڈویژن کے کمشنر یا ایڈیشنل سیکرٹری جوڈیشل یہ اختیار کسی ماتحت افسر کو تفویض نہیں کر سکتے، ہر انفرادی اسلحہ لائسنس کی تصدیق، توثیق یا کمپیوٹرائزیشن کا باقاعدہ تحریری حکمنامہ جاری کیا جائے گا ، لائسنس کی تصدیق کے دوران کسی بے ضابطگی کی صورت میں متعلقہ کمشنر ذمہ دار افسران یا اہلکاروں کے خلاف انکوائری کریگا۔

تمام امیدواروں کو پنجاب آرمز رولز 2023 میں مقرر کردہ لائسنس کی تجدیدی فیس ادا کرنا ہوگی ، محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام ڈویژنل کمشنرز کے نام مراسلہ جاری کردیا ، نادرا کو بھی مینوئل اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹرائزیشن کیلئے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.