لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے توہین عدالت پر سپریم کورٹ کے سینئر وکیل فاضل صدیقی کو ایک ماہ قید کی سزا سنا دی۔
عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد سپریم کورٹ کے سینئر وکیل فاضل صدیقی کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
وکیل فاضل صدیقی نے شہری عثمان کی جانب سے راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے خلاف درخواست دائر کی تھی، عدالت نے ریمارکس دیے کہ قانون کے مطابق یہ درخواست بنتی ہی نہیں تاہم وکیل فاضل صدیقی نے درخواست سماعت کیلئے مقرر کرنے پر اصرار کیا۔
عدالت نے ٹیکنیکل وجوہات پر درخواست مقرر کرنے سے معذرت کرلی جس پر وکیل فاضل صدیقی اور جسٹس مرزا وقاص رؤف کے درمیان تلخی ہوئی۔
عدالت نے فاضل صدیقی کوتوہین عدالت کا مرتکب قرار دیکر گرفتار کرنےکا حکم دیتے ہوئے ایک ماہ کی سزا سنا دی۔
وکلا کی جانب سے فاضل صدیقی کو سزا سنانے اور گرفتار کرنے پر احتجاج کیا جا رہا ہے جبکہ پولیس نے فاضل صدیقی کو کنٹرول روم منتقل کردیا ہے۔
وکلا رہنماؤں کا کہنا ہے کہ عدالت کی جانب سے سینئر وکیل کو دی جانے والی سزا پوری وکلا برادری کے منہ پر طمانچہ ہے، یہ سزا فاضل صدیقی کو نہیں بلکہ پوری وکلا برادری کو سنائی گئی ہے، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور سینئر وکیل فاضل صدیقی کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں، کالے کورٹ کی عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔