عید کے دنوں میں مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے پر بس سروس پر جرمانہ عائد

0 4

کنزیومر کورٹ نے عید کے دنوں میں مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے پر بس سروس پر جرمانہ عائد کردیا۔

کنزیومر پروٹیکشن کورٹ ایسٹ میں عید کے دنوں میں مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے بس سروس انتظامیہ پر 75 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔

عدالت نے حکم دیا کہ بس سروس انتظامیہ درخواست گزار کو 50 ہزار معاوضہ ادا کرے، انتظامیہ درخواست گزار کو قانونی چارہ جوئی کی مد میں 25 ہزار روپے بھی ادا کرے اور درخواست گزار سے کرائے کی مد میں وصول کیے گئے 600 روپے بھی واپس کیے جائیں۔

عدالت نے کہا کہ بس مالکان کرایہ نامہ اپنے دفاتر میں واضح طور پر لگائیں، بس مالکان تہوار کے سیزن میں بھی حکومتی مقرر کردہ کرایہ نامہ اپنے دفاتر میں لگائیں، اگر بس مالکان کرائے میں اضافہ کرتے ہیں تو عوام کو ایڈوانس میں بتایا جائے۔

درخواست گزار نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ اس نے جون 2024 کو عید الاضحیٰ کے موقع پر کراچی سے خیر پور کا ٹکٹ کرایا تھا اور کراچی سے خیر پور کا کرایہ 1600روپے ہے لیکن اس سے 2200 روپے وصول کیے گئے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.