مسنگ پرسنز کی تعداد میں اضافہ قابل تشویش اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، جماعت اسلامی

صحافیوں کے اعزاز میں منعقدہ افطار ڈنر سے خطاب کے دوران صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ سلیکٹڈ و امپورٹیڈ کی جنگ میں ملک مقروض، مہنگائی کا طوفان اور عوام رل گئے ہیں، پنجاب اسمبلی کے واقعے نے حکمران اشرافیہ کی اصلیت قوم کے سامنے بے نقاب کر دی۔

0 171

جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ و امپورٹیڈ کی جنگ میں ملک مقروض، مہنگائی کا طوفان اور عوام رل گئے ہیں، پنجاب اسمبلی کے واقعے نے حکمران اشرافیہ کی اصلیت قوم کے سامنے بے نقاب کر دی ہے، سیاست عبادت اور خدمت کا نام ہے، مگر آج کی حکمران اشرافیہ نے سیاست کو ذاتی دشمنی، گالم گلوچ، مار کٹائی اور مال بنانا بنا دیا ہے، جس سے دنیا بھر میں ملک کی بدنامی ہو رہی ہے، ثابت ہوگیا کہ چہرے نہیں نظام کے بدلنے سے ہی ملک و قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے، جماعت اسلامی اصولی و نظریاتی سیاست پر یقین رکھتی ہے، اس لئے ہم اسلامی و خوشحال پاکستان کیلئے فرسودہ نظام کیخلاف جدوجہد کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم معاہدہ قابل تشویش ہے، گذشتہ 25 سالوں سے جنہوں نے کراچی میں قتل و غارتگری بوری بند لاشوں کی سیاست کی، ایک بار پھر ان کو مسلط کرکے کراچی کے امن کو تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے سندھ کے عوام میں خوف و ہراس کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں صحافیوں کے اعزاز میں منعقدہ افطار ڈنر سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی رہنماء حافظ نصراللہ عزیز، علامہ حزب اللہ جکھرو اور صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے آئین و قانون کی حکمرانی ضروری ہے، انتخابی اصلاحات کے ساتھ الیکشن کمیشن کو آزاد و خودمختار بنا کر ملک میں صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے، جماعت اسلامی سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، اسلام و پاکستان ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں، سندھ حکومت شہریوں کی جان و مال کی حفاظت میں ناکام ثابت ہوئی ہے، اسٹریٹ کرائم اور لوٹ مار کی وارداتوں نے عوام کے اندر عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے، سندھ میں مسنگ پرسنز کی تعداد میں اضافہ قابل تشویش اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، اگر کسی فرد نے آئین و قانون کی خلاف ورزی کی ہے، تو قانوں کے مطابق اس کے خلاف کاروئی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام سے معرض وجود میں آیا، مگر 74 سال گذر جانے کے باوجود آج تک اسلام پر عمل نہیں کیا گیا، جس کی وجہ مہنگائی بے روزگاری، بیرونی جارحیت، کرپشن دین بیزار قیادت ہم پر مسلط ہے، مسائل سے نجات اور تکمیل پاکستان کیلئے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.