قلات: نامعلوم افراد کا لیویز چوکی پر حملہ، ایک اہلکار شہید،2 شدید زخمی

0 8

قلات: قلات کے علاقہ توغہ چھپر میں نامعلوم مسلح افراد کی لیویز چوکی پر فائرنگ سے ایک اہلکار شہید جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال قلات میں طبی امداد کے بعد کوئٹہ منتقل کردیاگیا جہاں ان کا علاج معالجہ جاری ہے۔

ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ لیویز جوانوں کی جوابی کارروائی سے مسلح افراد موقع سے فرار ہوگئے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لیویزفورس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لیویز پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی اور شہید لیویز اہلکار علی نواز کو خراج عقیدت پیش کیا، محسن نقوی نے شہید لیویز اہلکار علی نواز کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور زخمی ہونے والے 2 لیویز اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

اس حوالے سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے لیویز اہلکار علی نواز کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، لیویز اہلکار علی نواز نے فرض کی ادائیگی کے دوران جان قربان کرکے شہادت کا اعلیٰ مرتبہ پایا، شہید لیویز اہلکار علی نواز نے اپنی قیمتی جان وطن کے امن کے لئے قربان کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.