ایئر چیف سے ریپبلک آف روانڈ کے دفاعی وفد کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

0 2

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ریپبلک آف روانڈا کے ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق مہمان وفد کی قیادت روانڈا کی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل جین جیکس موپینزی نے کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی شعبے میں تعاون اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ایئر چیف نے وفد کو پاک فضائیہ کی آپریشنل تعمیر، فورس کے اہداف اور مستقبل چیلنجزپر توجہ سے متعلق امور سے آگاہ کیا اور روانڈا کی فضائیہ کے انسانی وسائل کی ترقی کے لیے تعاون کا یقین دلایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف نے روانڈا کی فضائیہ کی آپریشنل ٹریننگ کی صلاحیت میں اضافے کے لیے تعاون فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا، جس پر لیفٹیننٹ جنرل جین جیکس موپینزی نے پاک فضائیہ کے پیشہ ورانہ تربیتی معیارات کو سراہا اور پاک فضائیہ کے جدید انفراسٹرکچر اور ملٹی ڈومین میں صلاحیتوں کی بھی تعریف کی۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ دورے پر آئے ہوئے معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے ساتھ شراکت داری کی شدید خواہش کا اظہار کیا، قبل ازیں ایئر ہیڈ کوارٹر آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے روانڈا کے ایئرچیف کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.