سابق وزیراعظم آزاد جموں کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر بارے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
سینٹرل یونین آف جرنلسٹس فورم میں گفتگو کرتےہوئے سابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ پوری قوم پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کے مقبوضہ جموں کشمیر کے حوالے سے ’’دس جنگیں لڑنے “کے بیان کا خیر مقدم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی طرف سے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر دار الحکومت مظفرآباد میں دیئے گئے بیان سے لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف بسنے والے کشمیریوں کو ایک نیا حوصلہ ملا ہے۔
سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ سپہ سالار کے اس بیان نے نہ صرف پانچ اگست 2019 کے بعد مقبوضہ کشمیر کی عوام میں پھیلی مایوسی کا خاتمہ کر دیا بلکہ اب ایک نئے عزم کے ساتھ پاکستان اور آزاد کشمیر کے لوگ مقبوضہ جموں کشمیر کی آزادی کے لئے نئی صف بندیاں بھی کریں گے۔
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آرمی چیف نے جس دلیری کے ساتھ کہا کہ’’ پاکستان مقبوضہ جموں کشمیر کے لئے پہلے تین جنگیں لڑ چکا ہے اور مزید دس جنگیں بھی لڑے گا ‘‘ در اصل یہ پاکستان کی عسکری طاقت اور اعلیٰ دفاعی صلاحیتوں کا کھلا اظہار تھا ، یوم یکجہتی کشمیر کے دن آرمی چیف کی طرف سے اس طرح کا بیان در اصل ہر پاکستانی اور آزاد کشمیر کے شہری کی دل کی آواز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے جس انداز میں اہل کشمیر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اسے کشمیری ہمیشہ یاد رکھیں گے ، امید کرتے ہیں پاک فوج اور دیگر ادارے بھی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی آئندہ بھی اسی طرح حمایت جاری رکھیں گے ، آزاد کشمیر کے لوگ پاکستان کا پہلے سے حصہ بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کے خیالات سن کر خوشی ہوئی ہے، جدو جہد آزاد ی اور تکمیل پاکستان کی جنگ ہم سب کی جنگ ہے، آزاد کشمیر اور پاکستان کی شہادتیں مشترکہ ہیں، 740 کلو میٹر طویل لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کے سپاہیوں اور افسران کی موجودگی سے آزاد کشمیر میں آزادی، امن ، سکون اور خوشحالی ہے۔
سابق وزیر اعظم تنویر الیاس خان کا مزید کہنا تھا کہ ایک طویل انتظار کے بعد پاک فوج کو ایک ایسا جرنیل ملا جو بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنا جانتا ہے ، پوری کشمیری قوم جنرل سید عاصم منیر کے بہادرانہ بیان پر ان کا شکریہ ادا کرتی ہے اور اسی جذبے کے تحت پاکستانی اور کشمیری ملکر مقبوضہ جموں و کشمیر کو بہت جلد بھارت سے آزاد بھی کرائیں گے۔