پبلک پروکیورمنٹ کے عمل کو شفاف بنانے کیلیے نیب اور پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ، نیب ہیڈ کوارٹراسلام آباد میں تقریب میں چیئرمین نیب لفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد، ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر، پراسیکیوٹر جنرل احتساب احتشام قادرشاہ اور منیجنگ ڈائریکٹر پی پی آر اے حسنات احمد قریشی نے شرکت کی۔
اس دوران ڈائریکٹر جنرل نیب(اے اینڈ پی) اظہار احمد اعوان اور پروجیکٹ ڈائریکٹر ای- پیڈز (e-PADS)شیخ افضال رضا نے دستخط کئے۔
سمجھوتے کا مقصد ای- پیڈز (e-PADS) کے حوالے سے دونوں اداروں کے باہمی تعاون پر مبنی معلومات کے تبادلے، منصفانہ شفاف مقابلے، پبلک پروکیورمنٹ کے عمل کا ایسا نظام وضع کرنا ہے جس سے دونوں اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے شفافیت اور احتساب میں اضافہ کیا جا سکے۔
پرو کیورمنٹ کے حوالے سے شکایات پر پی پی آر اے شکایت کو متعلقہ ٹینڈر اور معہ بولی دہندگان کی تفصیلات سمیت اپنے تجزیہ کیساتھ ضروری کارروائی کے لیے نیب کو بھیجے گا، دونوں ادارے نیشنل الیکٹرانک پروکیورمنٹ ڈیٹا بیس کے قیام کے لیے ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔
اس مقصد کے لیے پی پی ار اے مرکزی ڈیٹا بیس تیار کرے گا جس میں پروکیورمنٹ سے متعلق اعداد و شمار ٹینڈرز اور بولی کے حوالے سے بھی معلومات شامل ہوں گی۔ چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر)نذیر احمدنے کہاکہ رہنما اصولوں پر عملدرآمد سے پبلک پروکیورمنٹ میں ممکنہ بدعنوانی کے سد باب میں مدد ملے گی۔ (PPRA)