شر پسندوں کی بزدلانہ کارروائیاں بلوچستان کی ترقی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں: وزیراعظم

0 4

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے بلوچستان کی ترقی کا سفر جاری و ساری ہے اور شر پسندوں کی بزدلانہ کارروائیاں بلوچستان کی ترقی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔

کوئٹہ میں قلات حملے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد امن و امان سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا دہشتگرد بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں، دہشتگرد نہیں چاہتے کہ بلوچستان کے لوگ خوشحال ہوں۔

ان کا کہنا تھا بلوچستان کی ترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا، شر پسندوں کی بزدلانہ کارروائیاں بلوچستان کی ترقی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں، بلوچستان کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا بلوچستان میں صحت و تعلیم کی معیاری سہولیات کے اقدامات کر رہے ہیں، چین میں زرعی شعبے کی جدید تربیت کیلئے طلباء میں بلوچستان کا خصوصی کوٹہ رکھا گیا، بلوچستان میں زراعت کی ترقی کیلئے زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کی گئی، سی پیک کی تکمیل پر کام تیزی سے جاری ہے، گوادر ائیرپورٹ پر پروازوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، گوادر بندرگاہ دنیا کے مابین پاکستان کو اہم رابطہ بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا سپہ سالار اور افواج حکومت کے ساتھ پر امن بلوچستان کیلئے دن رات کوشاں ہیں، ہمارے سپوت ماضی کی غلطیوں کا خون کا نذرانہ پیش کرکے ازالہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ سیاست کا نہیں قوم کو درپیش دہشتگردی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کا وقت ہے، اپنی تمام توانائیاں جمع کرکے دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہے، سکیورٹی فورسز بلوچستان کے عوام کے تحفظ کیلئے شرپسند عناصر کے سدباب کیلئے مصروف عمل ہیں، بلوچستان کے امن اور خوشحالی کے دشمنوں کےناپاک عزائم کامیاب نہیں ہونےدیں گے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.