رمضان شوگر ملز ریفرنس میں بڑی پیشرفت، مدعی کمرہ عدالت میں بیان سے منحرف

0 6

رمضان شوگر ملز ریفرنس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے ، مقدمہ کا مدعی کمرہ عدالت میں اپنے بیان سے منحرف ہو گیا۔

لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت میں جج سردار محمد اقبال نے کیس پر سماعت کی، مدعی مقدمہ ذوالفقار اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت پیش ہوا۔

دوران سماعت مدعی ذوالفقار نے کہا کہ میں نے ایسی کوئی درخواست دائر نہیں کی، مجھے درخواست کے نکات کا بھی علم نہیں ہے، میں نہیں جانتا ریفرنس میرے نام سے کیسے فائل ہوا ،میں یہ درخواست واپس لیتا ہوں۔

فاضل جج نے استفسار کیا کہ یہ کیسے ممکن ہے؟ آپکو پتہ ہے آپ کیا کہہ رہے ہیں؟ میں نہیں جانتا کہ درخواست میں کیا کہا گیا ہے، آپ ہمیں یہ بات بیان حلفی میں بتا دیں ،ہم آگے کارروائی کرتے ہیں۔

مدعی مقدمہ نے جواب دیا کہ جی میں اپنے وکیل سے بیان حلفی تیار کروا کے لے آتا ہوں، کچھ وقت دیا جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس احتساب عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس اینٹی کرپشن عدالت کو منتقل کیا تھا۔

18 فروری 2019 کو قومی احتساب بیورو(نیب) نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس میں نیا ریفرنس دائر کیا تھا۔

اس ریفرنس میں صرف دونوں ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ رمضان شوگر ملز کے لیے انہوں نے غیر قانونی طور پر نالہ تعمیر کروایا۔

عدالت میں دائر ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی جانب سے اس نالے کی تعمیر سے قومی خزانے کو 21 کروڑ 30 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، لہٰذا دونوں ملزمان کو سزا دی جائے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.