وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر غور ہوگا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کا 13 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کردیا گیا ہے۔
قومی ائیرلائن پی آئی اےکے پائلٹس کے جعلی لائسنس کے بیان کی وجوہات جاننےکے لیے قانونی کارروائی بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
مڈل ایسٹ گرین منصوبےکی توثیق، ٹیرف اینڈ ٹریڈ ایگریمنٹ سے متعلق وزارت کامرس کی سمری، ایکس سروس مین کے لیے وزیر اعظم کے پیکج کےتحت عدم ادائیگیوں کا ایجنڈا بھی کابینہ اجلاس میں پیش ہوگا۔
اجلاس میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان اسٹڈیز قائد اعظم یونیورسٹی کے ڈائریکٹر کی تعیناتی کی منظوری دی جائےگی۔ چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے اضافی چارج کی منظوری بھی دی جائےگی۔
نیشنل انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ کے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل، وزارت قومی صحت کے زیر انتظام میڈیکل کالجز کے ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس سیٹوں کا کوٹہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
اجلاس میں نیشنل فنڈ فار کلچرل ہیریٹیج کے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل نوکی منظوری دی جائےگی۔
پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان ایڈوانس ڈیٹا کے تبادلے سے متعلق ایم او یو کی توثیق ایجنڈے میں شامل ہے۔ ریاستی ملکیتی اداروں سے متعلق کابینہ کمیٹی کے17 جنوری کے فیصلوں کی توثیق بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
کابینہ کمیٹی برائے ڈسپوزل لیجسلیٹو کیسز کے 17 دسمبر اور 22 جنوری کے فیصلوں کی توثیق بھی کابینہ کمیٹی کے ایجنڈے میں شامل ہے۔