ملتان میں ہونے والے ایل پی جی گیس باؤزر دھماکے کے بعد جہاں امدادی کارروائیاں جاری ہیں وہیں دھماکے کی تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ایل پی جی گیس باؤزر سے گیس نکال کر مکسنگ کرنا حادثات کا سبب بنتا ہے، ایل پی جی باؤزر سےگیس نکال کر اس میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی ملاوٹ کی جاتی ہے، کاربن ڈائی آکسائیڈ کی قیمت کم اور پریشر زیادہ ہونےکی وجہ سے مکسنگ کی جاتی ہے، کاربن ڈائی آکسائیڈ کی ملاوٹ سے پریشر بڑھ جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایل پی جی کی قیمت 2 لاکھ 35 ہزار روپے ٹن، کاربن ڈائی آکسائیڈ کی قیمت 25 ہزار روپے ٹن ہے، ایل پی جی 300 روپے فی کلو، کاربن ڈائی آکسائیڈ 15 روپے فی کلو فروخت کی جاتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر سے باہر مختلف جگہوں پر بڑے بڑےگوداموں میں گیس مکسنگ کی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق ملتان میں ہونے والے گیس دھماکے میں 6 افراد جاں بحق اور 31 افراد زخمی ہوئے، گیس باؤزر دھماکا شیر شاہ روڈ پر واقع ایک گودام میں ہوا، دھماکے میں کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا اور جانور بھی ہلاک ہوئے۔