محسن نقوی کی امریکی کانگریس مینز سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق

0 2

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کانگریس مین تھامس رچرڈ سوازی اور کانگریس مین جیک برگمین سے ملاقات کی جس میں پاک امریکا تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

کانگریس مین تھامس رچرڈ سوازی کا تعلق ڈیموکریٹک جبکہ کانگریس مین جیک برگمین کا تعلق ری پبلکن پارٹی سے ہے۔

واشنگٹن میں پاکستانی کاکس کے ممبر تھامس رچرڈ سوازی اور کو چیئر جیک برگمین سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکا تعلقات سمیت دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔

ملاقات میں پاک امریکا تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے کانگریس مین تھامس سوازی اور کانگریس مین جیک برگمین کو پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کا انتہائی اہم معاشی و دفاعی شراکت دار ہے، پاکستان کے سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے امریکی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ امریکا کے ساتھ تمام شعبوں میں مزید اشتراک چاہتے ہیں، آپ کے دورہ پاکستان سے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

کانگریس مین تھامس سوازی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے پر عزم ہیں، جلد پاکستان کا دورہ کروں گا، ملاقات میں 30 اپریل کو پاکستانی کاکس کانفرنس واشنگٹن ڈی سی میں منعقد کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.