صوبائی دارالحکومت لاہور میں رواں ماہ کے آخر تک دھوئیں سے پاک 27 الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بسیں شمسی توانائی سے چلیں گی۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت پنجاب میں ترقیاتی سکیموں کا ساتواں جائزہ اجلاس ہوا جس میں چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نبیل احمد اعوان،سیکرٹری آصف طفیل اورمتعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔
اجلاس میں 27 وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی ، جاری سکیموں اور نئے منصوبوں پر غور کیا گیا، ٹرانسپورٹ،معدنیات، ماہی گیری، ماحول، جنگلات اور جنگلی حیات کاتحفظ، لیبر، لائیو سٹاک، اوقاف، کموڈیٹیز مینجمنٹ کی وزارتوں اور محکموں کا جائزہ لیا گیا ۔
سینئر صوبائی وزیر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں داخلہ، پولیس، جیل خانہ جات، ہائیکورٹ، قانون و انصاف،خواتین اور تمام طبقات کے انسانی حقوق کا تحفظ اور ترقی،سماجی بہبود کے منصوبوں پر پیشرفت بھی گفتگو ہوئی۔
اجلاس میں بورڈ آف ریونیو، خزانہ، زکوۃ و عشر، ایس اینڈ جی ڈی، تعمیرات ومواصلات،پنجاب اسمبلی، آرکائیوز اینڈ لائبریریز،ہائر ایجوکیشن اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے محکموں کی سالانہ ترقیاتی سکیموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر غیر مسلم پاکستانیوں کی ترقی کے لیے اقلیتی فنڈ د گنا کر دیا گیا ہے، تاریخی چرچز کی بحالی پر تیزی سے کام جاری ہے، 15 سمارٹ پولیس سٹیشنز 19 فروری تک مکمل ہو جائیں گے، جھنگ ویٹرنری کالج اور چولستان ویٹرنری یونیورسٹی کی اپ گریڈیشن پر کام تیزی سے جاری ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ وزیراعلی ٰ مریم نواز نے پنجاب کے بڑے شہروں میں 620 ماحول دوست بسیں جلد چلانے کی ہدایت کی ہے، وزیراعلیٰ نے راولپنڈی اور سرگودھا میں پناہ گاہوں کے جلد قیام اور اٹک میں ماڈل چلڈرن ہومز کی کم سے کم وقت میں تعمیر کے احکامات دیئے ہیں جبکہ ایک ہزار ایکڑ پر شرمپ فارمنگ منصوبے کی میپنگ مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
اجلاس میں کالا شاہ کاکو جوڈیشل اکیڈمی کے لیے 42 ملین روپے کے اضافی فنڈز منظور کیے گئے جبکہ 261 ٹن لوہے کے ذخائر کی ترقی کے لیے 500 ملین اضافی فنڈز کی منظوری پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ چھانگا مانگا کے جنگلات کے تحفظ اور شجرکاری منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے، لاہور میں ماڈل فش مارکیٹ کی فزیبلٹی سٹڈی جلد مکمل کی جائے، ٹھوکر لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ کلائمیٹ آبزرویٹری بننے سے فضائی آلودگی میں کمی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں مزدوروں کی کام کے دوران صحت و سلامتی اور ہیلتھ لیبارٹری قائم کرنے کی رفتار تیز کی جائے، ملازمت پیشہ خواتین کے لئے پنجاب بھر میں ہاسٹلز اور 165 ڈے کیئر سینٹرز کے قیام کو جلد مکمل کیا جائے، جنوبی پنجاب میں موبائل ویٹرنری سروسز کسانوں کی دہلیز پر فراہم کی جائیں۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ محکموں کے ساتھ افسران کی کارکردگی بھی مانیٹر ہو رہی ہے، منصوبوں کی رفتار، معیار اور گورننس پر سمجھوتا نہیں ہوگا۔