آرمی چیف اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی ملاقات پر وزیراعظم کو بریف کردیا گیا: حکومتی ذرائع

0 3

حکومتی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ آرمی چیف اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی ملاقات کے حوالے سے وزیراعظم کو بریف کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اعلیٰ ترین حکومتی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ آرمی چیف اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی گزشتہ دنوں ہونے والی بلاشیڈول ملاقات میں جو بات ہوئی اس پر وزیراعظم شہباز شریف کو بریف کردیا گیا ہے۔

اعلیٰ ترین حکومتی ذرائع نے کہا کہ اس ملاقات میں آرمی چیف نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے ان کے پارٹی مسائل کو سنا اور پھر کہا کہ وہ ان معاملات میں نہیں پڑیں گے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے پی ٹی آئی رہنماؤں سے کہا کہ وہ سیاسی معاملات پر حکومت سے بات کریں۔

واضح رہے کہ چند دن قبل آرمی چیف اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے درمیان ملاقات کی خبر سامنے آئی تھی جس کے بعد ابتدا میں بیرسٹر گوہر نے ملاقات کی تردید کی مگر بعد ازاں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے ملاقات کی تصدیق کیے جانے کے بعد بیرسٹر گوہر نے بھی ملاقات کا اعتراف کیا۔

اس حوالے سے بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ہونے والی ملاقات میں امن وامان کے موضوع پر بات چیت ہوئی۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.