کراچی ایکسپو سینٹر میں تین روزہ کیٹل شو ختم ہوگیا اور کیٹل شو میں تینوں دن 10 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔
ایکسپو سینٹر مین تین روزہ نمائش منعقد کی گئی جس میں لاکھوں کی تعداد میں عوام نے فیملیز کے ہمراہ شرکت کی۔ اس نمائش میں مویشی اور پرندوں کی متعدد نسلیں موجود تھی جن سے لوگ جہاں محظوظ ہوئے اور وہیں ان کو بریڈنگ کی معلومات بھی فراہم کی گئی۔
نمائش میں اعلیٰ نسل کے گھوڑے، لمبی نوکیلی سینگوں والی بکریاں اور سندھ کی لال گایوں سمیت بھیڑوں کی کئی نسلیں لائی گئی تھیں۔
تین روزہ نمائش نے ایکسپو کی رونقیں برقرار رکھی اوراختتامی تقریب میں صوبائی وزرا ناصر شاہ، سردار شاہ اور محمد علی ملکانی شریک ہوئے۔
صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے لائیواسٹاک حکومتی ترجیحات میں نہیں رہا، ریڈ سندھی گائے 6 ہزار سال سے بریڈ ہمارے پاس ہے لیکن اس کو پرائیوٹ بریڈرس نے بچایا۔
انہوں نے کہاکہ مقامی نسل کو بچانے کے لیے بریڈرس کو سرکاری فارم پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو دینی چاہیے۔
صوبائی وزیر توانائی، ترقی و پلاننگ سید ناصرحسین شاہ نے کہا کہ حال ہی میں ورلڈ بینک سے 137 ملین کا پروجیکٹ لائیواسٹاک شعبے کو مزید مستحکم کرنے کے لیے لایا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ سرکاری فارمرز اور زمین موجودہے جہاں پرائیویٹ فارمرز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت دیے جاسکتے ہیں تاکہ مقامی بریڈنگ کی نسل کی افزائش کو فروغ دیا جا سکے۔