نجی حج اسکیم کے تحت پرکشش پیکج لینے والے خبردار، حج کلیئرنس سے مشروط
اسلام آباد: نجی حج اسکیم کے تحت پرکشش حج پیکج لینے والے خبردار ہو جائیں، حج 2025کے تحت نجی سکیم کے تحت جانے والے عازمین سے متعلق حکومت کا اہم فیصلہ سامنے آیا ہے۔
30لاکھ روپے سے زائد کا حج پیکج لینے والے عازمین کا حج ایف بی آر اور سکیورٹی کلیئرنس سے مشروط کردیا گیا ہے، 30لاکھ روپے سے زائد کا پرائیویٹ پیکج لینے والے عازمین کے نام ایف بی آر کو بھجوائے جائیں گے، بھاری نجی حج پیکج لینے والوں کے نام کلیئرنس کے لیےسکیورٹی ایجنسیز کو بھجوائے جائیں گے۔
ایف بی آر متعلقہ عازمین کے اثاثوں اور ٹیکس کی چھان بین کرے گا، ایجنسیاں متعلقہ عازمین حج کی اسکروٹنی کریں گی۔ سکیورٹی ایجنسیز سے کلیئرنس کے بعد 30 لاکھ سے زائد پیکج والے عازمین کو حج کی اجازت دی جائے گی۔
30لاکھ سے زائد کا پیکج دینے والی کمپنیاں حج پیکج کی مکمل تفصیلات فراہم کرنے کی پابند ہوں گی۔ کمپنیوں کے 30لاکھ سے زائد حج اخراجات اور پیکج کی منظوری وزارت مذہبی امور دے گی۔
اس ضمن میں وزارت مذہبی امور نے ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی محمد حکیم خٹک کو فوکل پرسن مقرر کردیا ہے اور وزارت مذہبی امور نے نجی حج کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو کو مراسلہ بھی بھیج دیا ہے۔
نجی حج کمپنیوں سے بھاری حج پیکج کا بریک اپ بھی مانگا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بہت سے لوگ بھاری حج پیکج لیتے ہیں لیکن گوشوارے ظاہر نہیں کرتے اورٹیکس نہیں دیتے، مذکورہ اقدام ایف بی آر اور فیٹف کے تقاضوں کے تحت اٹھایاگیا ہے۔