وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اگلے سال طلبہ کو ایک لاکھ ای بائیکس دینے اور 50 ہزار اسکالرشپ دینے کا وعدہ کرلیا۔
اوکاڑہ یونیورسٹی میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے تقریب کے آغاز میں طلبا میں اسکالر شپ کے چیک تقسیم کیے اور دوران تقریب انہیں تصاور اور پورٹریٹ تحفے میں دیے گئے۔
تقریب سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھاکہ ہونہار اسکالرشپ پروگرام ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے، میں آج دل کی باتیں کرنے آئی ہوں اور بچوں کی باتیں سننے آئی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ وزیرتعلیم رانا سکندر حیات بہترین کام کررہےہیں وہ اچھے بچوں کی طرح ڈانٹ کھا لیتےہیں لیکن کام بھی کرتےہیں، سب کوسچ کی تلاش کرنی چاہیے۔
مریم نواز نے اعلان کیا کہ اگلے سال ایک لاکھ طلبہ کوای بائیکس دوں گی، اس سال پنجاب کے 30 ہزار طلبہ کواسکالرشپ دیں گے اور اگلے سال پنجاب کے 50 ہزار طلبا کواسکالرشپ دیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ یہ اسکالرشپ طلبہ پراحسان نہیں ہے، 2025 میں اوکاڑہ میڈیکل کالج بھی بنائیں گے، لیپ ٹاپ کی پہلی شپمنٹ آگئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہونہار اسکالر شپ اسکیم میں میرٹ کا خیال رکھا، کسی طالب علم سے اس کی سیاسی جماعت کا سوال نہیں کیا گیا، تقریب میں موجود کوئی یہ نہیں کہہ سکتا ہے کہ اسے اسکالرشپ سفارش پر ملی ہو۔
تقریب کے اختتام پر وزیر اعلیٰ پنجاب طالبات میں گھل مل گئیں اور بچیوں کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔