جوڈیشل کمیشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کیلئے سیشن جج اعظم خان اور سابق صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار راجہ انعام امین منہاس کو نامزد کردیا۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کے دو الگ الگ اجلاس ہوئے جس میں اسلام آباد اور بلوچستان ہائیکورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی پر غور کیا گیا۔
ذرائع نے بتایاکہ کمیشن نے اسلام آباد آباد ہائیکورٹ کے ایڈیشنل ججز کی نامزدگی کیلئے 4 میں سے 2 ناموں کی نامزدگی کردی۔
ذرائع کے مطابق کمیشن نے سیشن جج اعظم خان اورسابق صدراسلام آباد ہائیکورٹ بار راجہ انعام امین منہاس کو ایڈیشنل جج نامزد کردیا۔
کمیشن نے بلوچستان ہائیکورٹ کے ججز کی بھی منظوری دے دی اور بلوچستان ہائیکورٹ کیلئے محمد آصف، نجم الدین مینگل اور محمد ایوب کو ایڈیشنل ججز نامزد کردیا۔ اعلامیہ کے مطابق جو امیدوار مطلوبہ اکثریت کا ووٹ نہیں لے سکے، مستقبل میں آسامیوں پر انہیں دوبارہ زیر غور لایا جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان ہائیکورٹ کے ججزکی منظوری متفقہ طورپردی گئی جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کیلئے ججزکی منظوری کثرت رائے سے دی گئی۔