عمران خان پر تمام کیسز بوگَس، مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے: شبلی فراز

0 3

رہنما تحریک انصاف و سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی پر بنائے گئے تمام کیسز بوگَس ہیں، عمران خان پر مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے۔

پشاور ہائیکورٹ آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ہمارے مقدمات چل رہے ہیں،عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں، ہم قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں، درخواست ہے ہمارے کارکنان کو رہا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں گزشتہ 2 سال سے سیاسی عدم استحکام کا سلسلہ چل رہا ہے، توقع رکھ رہے تھے 190 ملین پاؤنڈ کا فیصلہ ایک ہفتے پہلے کیا جائے گا ، بانی پی ٹی آئی پر جو بھی کیسز ہیں وہ سب بوگَس ہیں، عمران خان پر سیاسی بنیادوں پر کیسز بنائے گئے ہیں، سابق وزیراعظم پر بنائے کیسز عدالتوں میں ٹھہر نہیں سکتے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ایک یونیورسٹی کا بنیادی مقصد سیرت النبی ﷺ کو فروغ دینا ہے، القادر یونیورسٹی میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو ایک پیسے کا فائدہ نہیں ہے، عمران خان کو ایک دھیلا نہیں ملا، 190 ملین پاؤنڈ زحکومت پاکستان کے پاس گئے ہیں، پیسے نہ بانی پی ٹی آئی کے پاس گئے ہیں نہ کسی اور کے پاس۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ 2024 میں الیکشن کمیشن نے ملکی تاریخ کے بدترین الیکشن انتخابات کرائے، اس سے پہلے ایسے بدترین الیکشن نہیں ہوئے، چیف الیکشن کمشنر کی اچھی پرفارمنس نہیں رہی، چیف الیکشن کمشنر کی پرفارمنس متنازع رہی ہے، ہمارے ہمسایہ ملک نے الیکشن شفاف کرائے اس لیے وہ ترقی کررہے ہیں، ہم نے الیکشن ٹھیک نہیں کرائے اس لیے لڑکھڑاتے پھر رہے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم سے عدلیہ پر وار ہوا، عمران خان نے مطالبات میں یہ نہیں کہا کہ مجھے رہا کرو، بانی پی ٹی آئی قانون کی حکمرانی کیلئے اندر ہیں، یہی حالات رہے تو نوجوانوں کو اس ملک میں اپنا مستقبل نظر نہیں آئے گا، سیاسی بے چینی میں نوجوانوں کو مستقبل نظر نہیں آئے گا تو ملک آگے کیسے بڑھے گا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.